اہل بیت نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاؤالدین بروجردی نے دہشت گردی کے مقابلے میں ایران اور شام کے تعاون کو اہم قرار دیا ہے۔
منگل کو تہران میں شام کے وزیر داخلہ محمد ابراہیم الشعار سے گفتگو کرتے ہوئے سید علاؤالدین بروجردی نے کہا کہ دہشت گردی کے مقابلے میں ایران اور شام کا تعاون انتہائی اہم ہے- ان کا کہنا تھا کہ ایران، عراق اور شام کے درمیان تعلقات اور تعاون میں اضافہ علاقے میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردوں پر غلبے کے سلسلے میں مؤثر واقع ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ مختلف میدانوں میں تہران اور دمشق کے درمیان تعاون میں توسیع کی حمایت کرتی ہے۔ علاؤالدین بروجردی نے کہا کہ شام میں استقامت کے محور کے خلاف پیچیدہ اور منظم سازش، امریکا اور اس کے اتحادیوں کی اسحلہ جاتی اور مالی مدد کے باوجود ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا بحران شام کو چار سال کا عرصہ گزر گیا ہے لیکن شامی حکومت اور عوام کی استقامت میں کوئی خلل واقع نہیں ہوا- اس ملاقات میں شام کے وزیر داخلہ محمد ابراہیم الشعار نے اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے شامی حکومت اور عوام کی اخلاقی مدد کو سراہتے ہوئے کہا کہ شام علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے اور مشکلات پر قابو پانے میں ایران اور دیگر دوست ممالک کا تعاون کافی موثر رہا ہے- انہوں نے مزید کہا کہ آج صیہونی حکومت اور امریکی اتحاد خاص طور سے سعودی عرب، قطر اور ترکی جیسے ان کے علاقائی اتحادی ممالک، دہشت گردوں کی مالی و اسلحہ جاتی مدد کرکے شام میں استقامت کے محور کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام کے عوام اور حکومت نے باہمی اتحاد کے ذریعے دشمنوں کے دانت کھٹے کردیئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲